کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سرانان بازار میں محنت کش مزدوروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی میں مصروف معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم اور دہشت گردوں کی بزدلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کے حوصلوں کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔شاہد رند نے واقعے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاستی ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور اس گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو کسی بھی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا

