اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے اسلام آباد کی تاریخی فیصل مسجد کے اطراف میں ایک خصوصی شجر کاری مہم کا انعقاد کیا ہے۔ کمپنی کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی پروگرام کے تحت شروع کی جانے والی اس مہم کا مقصد سرسبز، شاداب اور ماحولیاتی طور پر پائیدار پاکستان کا فروغ ہے۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات جناب عبداللہ خرم نیازی، پی سی آئی سی ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر جناب سونگ چین وین، کمپنی کی اعلیٰ انتظامیہ، ملازمین اور ان کے اہل و عیال نے بھرپور شرکت کی اور مجموعی طور پر 600 سے زائد پودے لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی سونگ چین وین نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے کمپنی کے پختہ عزم کو دہرایا، جبکہ جناب عبداللہ خرم نیازی نے دارالحکومت کی ہریالی کو برقرار رکھنے کے لیے ایسی مشترکہ کوششوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ اس اقدام سے شہریوں میں بھی شجرکاری کا شعور بیدار ہوگا اور وہ ملک کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے

