کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے صوبے کے ضلع ہرنائی کے گورنمنٹ ہائی اسکول کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ہرنائی کے مقتول جنرل سیکرٹری شہید شین گل خان ترین کے نام سے منسوب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس حوالے سے باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد اب یہ تعلیمی ادارہ شہید شین گل خان ترین کی لازوال قربانیوں کی یادگار کے طور پر پہچانا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اسکول کو منسوب کرنے کا مقصد شہید شین گل خان ترین کی ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ یہ تعلیمی ادارہ نہ صرف شہید کی یاد کو تازہ رکھے گا بلکہ ان کی خدمات اور قربانیاں ہماری نئی نسل کے لیے ایک حقیقی مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ اسکول مستقبل میں بھی شہید کی وطن سے محبت اور عظیم قربانی کی علامت کے طور پر قائم رہے گا

