فیصل آباد (الفجرآن لائن) سوشل میڈیا پر اہم شخصیات سے متعلق مبینہ جھوٹا اور نفرت انگیز مواد شیئر کرنے کے الزام میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد سمی ولد محمد رفیق کے نام سے ہوئی ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اہم شخصیات سے متعلق مختلف نوعیت کا مواد شیئر کرتا تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قابل اعتراض جعلی تصاویر بھی تیار کیں۔
حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر ایک فرضی تصویر تیار کرکے مریم نواز کو اپنی منگیتر ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ ین سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر قابل اعتراض اور جعلی مواد کی تشہیر کے حوالے سے شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائبر اسپیس میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

