واشنگٹن(الفجر آن لائن)عالمی منڈی میں بدھ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا،سرمایہ کار خلیجِ میکسیکو میں بننے والے سمندری طوفان، مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے سے خام تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برینٹ خام تیل کے فی بیرل نرخ میں 1.05 ڈالر، یعنی 1.04 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت 101.63 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی،
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 80 سینٹ، یعنی 0.89 فیصد اضافے کے بعد 90.24 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ میکسیکو میں بننے والا طوفان آئندہ دو روز میں 2026 کا پہلا اٹلانٹک ہریکین بن سکتا ہے،
اس کے باعث امریکی تیل اور گیس تنصیبات متاثر ہونے کا خدشہ ہے،طوفان کی ممکنہ گزرگاہ میں موجود آف شور تنصیبات امریکا کی مجموعی خام تیل پیداوار کا تقریبا 15 فیصد اور قدرتی گیس کی پیداوار کا 5 فیصد فراہم کرتی ہیں۔
مشرقِ وسطی میں بھی صورتحال تیل کی منڈی کیلئے اہم ہے،سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سے تیل کی ترسیل 5.8 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے،
جبکہ وٹول کے سربراہ کے مطابق گزشتہ 7 سے 10 دن کے دوران مشرقِ وسطی سے تقریبا 12 ملین بیرل یومیہ خام تیل اور 2 ملین بیرل یومیہ ریفائن شدہ مصنوعات ٹینکروں کے ذریعے برآمد ہوئی ہیں۔

