
کوئٹہ(الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور میرٹ پر مبنی نظام کے قیام کے وژن کے تحت صوبائی حکومت نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ سرکاری بھرتیوں کے عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدارانہ اور انسانی مداخلت سے پاک بنانے کے لیے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو (PPHI) بلوچستان نے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید ڈیجیٹل اسیسمنٹ سسٹم ‘ProMetriX’ متعارف کرا دیا ہے۔ یہ جدید نظام ملازمت کے اشتہار سے لے کر امیدوار کی حتمی تقرری تک بھرتی کے پورے عمل کو خودکار بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت صوبے میں طویل عرصے سے چلے آنے والے روایتی بھرتی کے نظام میں موجود خامیوں، جیسے کہ انسانی مداخلت، صوابدیدی اختیارات، اقربا پروری، اور پرچوں کے افشا (لیک) ہونے کے خدشات کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔ ‘ProMetriX’ کے تحت امیدوار پی پی ایچ آئی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کراتے ہیں، جس کے بعد نظام خودکار طور پر ایک محفوظ کیو آر (QR) کوڈ پر مشتمل ایڈمیشن سلپ جاری کرتا ہے۔ امیدواروں کی شناخت اور اسناد کی تصدیق نادرا (NADRA) کے ذریعے کی جاتی ہے اور تمام امیدواروں کے لیے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس نظام کی سب سے منفرد خصوصیت روایتی پینل انٹرویو کے بجائے معیاری سوالات پر مشتمل ویڈیو جوابات کا استعمال ہے، جن کی جانچ اور جائزہ انسانی سفارش یا جانبداری کے بغیر براہِ راست مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے لیا جاتا ہے۔ پی پی ایچ آئی بلوچستان نے اس جدید نظام کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئے مختلف طبی شعبوں، بشمول لیڈی میڈیکل آفیسرز، گائناکالوجسٹس، ماہرینِ اطفال، اور امراضِ قلب کے ماہرین کی 652 آسامیوں پر بڑے پیمانے پر شفاف بھرتیاں مکمل کر لی ہیں۔
‘ProMetriX’ ٹیکنالوجی کی ایک اور نمایاں خوبی یہ ہے کہ ٹیسٹ مکمل ہوتے ہی نتائج اور میرٹ لسٹ فوری اور خودکار طور پر تیار ہو جاتی ہے، جس سے روایتی دفتری تاخیر اور بیوروکریٹک مراحل کا خاتمہ ہوتا ہے۔ صوبائی حکومت کا مقصد اس انقلابی نظام کو مستقبل میں دیگر سرکاری محکموں اور اداروں تک وسعت دینا ہے تاکہ عوامی اعتماد کو مزید بحال کیا جا سکے۔ بلوچستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا یہ استعمال طرزِ حکمرانی میں انتظامی اصلاحات کی ایک بہترین مثال ہے، جو مستقبل میں پاکستان کے دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید ماڈل ثابت ہوگا

