اسلام آباد(الفجرآن لائن) خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید کامیابیاں حاصل کرلیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک جبکہ مستونگ کے علاقوں سیاہ پشت اور کلی گشتری میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔
دونوں کارروائیوں کے بعد متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام وڑن کے تحت شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی کے بعد فیصلہ کن کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 13 خوارج ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائیاں اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام وڑن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے
۔دوسری جانب بلوچستان میں بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاہ پشت اور کلی گشتری میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے
۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

