اوتھل (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی وژنری قیادت میں صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی مسائل کے حل اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر عملی درآمد شروع ہو گیا ہے۔ لسبیلہ ڈویژن کے قیام کے بعد اس کا انتظامی ہیڈکوارٹر اوتھل میں باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر اوتھل میں ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جہاں کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے اپنے دستِ مبارک سے نویں قائم شدہ کمشنر کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں سرکاری افسران، علاقائی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء کا کہنا تھا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر اوتھل میں کمشنر آفس کا قیام اور اس کا فعال ہونا علاقے کے عوام کے ایک دیرینہ اور اہم مطالبے کی تکمیل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس انتظامی ڈھانچے کی مضبوطی سے عوام کو سرکاری امور کے سلسلے میں بے پناہ سہولیات میسر آئیں گی اور اب انہیں اپنے روزمرہ کے مسائل کے حل کے لیے دور دراز کے علاقوں کا سفر طے کر کے نہیں جانا پڑے گا، بلکہ ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
کمشنر لسبیلہ نے خطے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ ڈویژن اپنے بے پناہ قدرتی وسائل، طویل ساحلی پٹی، وسیع صنعتی سرگرمیوں اور تزویراتی (جغرافیائی) اہمیت کے اعتبار سے بلوچستان کا ایک انتہائی اہم اور کلیدی خطہ ہے۔ یہاں ایک مضبوط، مربوط اور مؤثر انتظامی نظام کے قیام سے مقامی سطح پر ترقی کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لسبیلہ ڈویژن ان شاء اللہ بلوچستان میں تعمیر و ترقی کے ایک بالکل نئے اور خوشحال دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
سائرہ عطاء نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ ڈویژن کے عوام کو بہتر انتظامی سہولیات کی فراہمی، گڈ گورننس کی بالادستی اور نظام میں شفافیت لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔ کمشنر آفس کے فعال ہونے سے ڈویژن کے مختلف اضلاع کے مابین انتظامی رابطہ مزید مؤثر اور مضبوط ہوگا، جس سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، عوامی فلاح و بہبود کے کاموں اور حکومتی پالیسیوں پر بروقت عملدرآمد میں نمایاں بہتری آئے گی۔
دوسری جانب تقریب میں شریک علاقائی عمائدین نے بلوچستان حکومت کی جانب سے انتظامی نظام کو مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے کیے جانے والے ان اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور قابلِ تحسین قرار دیا۔ علاقہ مکینوں اور عمائدین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور علاقے کی تیز رفتار ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

