اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مختلف اداروں اور منصوبوں کے لیے اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس اور فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ایم ای ڈی اے) کے لیے 2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے لیے 11 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد ادارے کی بندش کا عمل مکمل کرنے کے لیے ضروری فنڈز فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں پی تھری اے کے لیے 8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی، جبکہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ای سی سی نے تھر کول ریل کنیکٹیویٹی منصوبے کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی۔ منصوبے کا مقصد تھر کے مقامی کوئلے کو بجلی اور صنعتی شعبے میں استعمال کے لیے ریل کے ذریعے رابطہ فراہم کرنا ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ای سی سی نے الیکشن کمیشن کے لیے 59 کروڑ 61 لاکھ 80 ہزار روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔
پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 2 ارب روپے فوری جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ غیر حساس انتخابی سامان کی خریداری کے لیے 17 ارب 87 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔
اجلاس میں وزیراعظم آفس اور وزیراعظم اسٹاف کالونی کی مرمت کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو 30 کروڑ روپے کی گرانٹ،
کوپ 31 میں پاکستان کی شرکت کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو 15 کروڑ روپے اور پاکستان اسپورٹس اینڈومنٹ فنڈ کے لیے 93 کروڑ 44 لاکھ 81 ہزار روپے کی گرانٹ منظور کی گئی

