اکتوبر تک ریاست میں خسرہ کے 108 کیسز رپورٹ، کم ویکسینیشن والے علاقوں میں ایم ایم آر ویکسین کی ایک ہزار سے زائد خوراکیں فراہم
نیویارک (الفجرآن لائن) نیویارک میں خسرہ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر گورنر کیتھی ہوکل نے ریاست میں ڈیزاسٹر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔حکام کے مطابق رواں سال 3 اکتوبر تک نیویارک سٹی میں خسرہ کے 7 جبکہ شہر سے باہر نیویارک اسٹیٹ کے مختلف علاقوں میں 101 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، جس کے بعد ریاست میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 108 ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق 15 جولائی سے اب تک ریاست کی 18 کاؤنٹیز کے کم ویکسینیشن والے دیہی علاقوں میں خسرہ کے 92 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مقامی محکمہ صحت کے اداروں کی جانب سے ان علاقوں میں خسرہ، ممپس اور روبیلا (MMR) ویکسین کی ایک ہزار سے زائد خوراکیں بھی فراہم کی جاچکی ہیں۔گورنر کے نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے والے طبی عملے کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا گیا ہے۔ نئے انتظام کے تحت پیرا میڈکس، ایڈوانسڈ ای ایم ایس عملہ، مڈوائفز اور فارماسسٹ بھی ویکسین لگانے کے مجاز ہوں گے۔گورنر کیتھی ہوکل نے کہا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خسرے کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسین سے روکے جانے والے مرض کے باعث کسی شخص کو شدید بیمار یا جان سے نہیں جانا چاہیے، اسی لیے ویکسین اور ٹیسٹنگ فراہم کرنے والے طبی ماہرین کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔گورنر ہوکل نے پیر کے روز خود فلو ویکسین بھی لگوائی اور نیویارک کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ فلو سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔

