کوئٹہ (الفجرآن لائں) بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق کالعدم تنظیم ”فتنہ الہندوستان“ سے تھا۔سی ٹی ڈی کے اعلامیے کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں ”آپریشن ردالفتنہ-3“ کے تحت کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے دو اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز، پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
حکام کے مطابق صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف اقدامات مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے

