اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ”سنو نیوز“ کے سی ای او نے ملاقات کی، جس میں میڈیا ورکرز کے حقوق، ٹی وی چینلز کو درپیش مسائل اور برطرف کئے گئے ملازمین کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران 114 ملازمین کی برطرفی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ برطرف ملازمین کے واجبات فوری ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملازمین کی تنخواہوں میں مزید کٹوتی نہ کرنے اور مزید برطرفیوں سے گریز کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں نچلی سطح کے ملازمین، بشمول ڈرائیورز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو دوبارہ ملازمتوں پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سنو نیوز کی جانب سے طے شدہ نکات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، لہٰذا اشتہارات پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطرف کئے گئے دیگر ملازمین کیلئے متبادل روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جن میڈیا اداروں کو مالی یا انتظامی مسائل درپیش ہیں، ان کے ساتھ مل کر معاملات حل کئے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ آج نیوز کی انتظامیہ نے بھی وزارت اطلاعات و نشریات سے رابطہ کیا ہے اور کل ملاقات پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کارکنوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
