واشنگٹن : امریکا نے ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی بحران پر قابو پانے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو سے 5 کروڑ 33 لاکھ بیرل خام تیل توانائی کمپنیوں کو قرض پر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے عالمی منڈی کو مستحکم رکھنے اور تیل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 9 بڑی توانائی کمپنیوں کو اس پروگرام سے فائدہ پہنچے گا۔امریکی محکمہ توانائی کے مطابق گزشتہ ماہ بھی 9 کروڑ 25 لاکھ بیرل خام تیل قرض کی صورت میں فراہم کیا گیا تھا، تاہم کمپنیوں نے اس کا صرف 58 فیصد حصہ استعمال کیا۔امریکی محکمہ توانائی کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے اثرات کم کرنے کیلئے مجموعی طور پر17کروڑ 20 لاکھ بیرل خام تیل اسٹریٹجک ذخائر سے جاری کرنے کی حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے تاکہ عالمی منڈی میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
