اسلام آباد/کوئٹہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدانوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی، بلوچستان کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبد الرحمان کھیتران، بلوچستان اسمبلی کے رکن سردار چنگیز مری اور میر خدا بخش مری شامل تھے۔ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ان وسائل سے صوبے کے عوام بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی اور پائیدار خوشحالی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
