اسلام آباد( الفجرآن لائن) نے عوامی لہر اور معاشی کاروباری اثرات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت بڑا اضافہ کر دیا ہے، جس کا وزارت پٹرولیم کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے احکامات کے مطابق فی لٹر پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب عوامی اور تجارتی ٹرانسپورٹ میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 13 روپے 80 پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور روپے کی قدر کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاہم عوامی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے

