پسنی (الفجرآن لائن) پسنی کے علاقے زاری کور کے رہائشی واحد بخش نے اپنے 17 سالہ بیٹے سرفراز اور 12 سالہ زیرِ تعلیم بیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں بچوں کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ذریعے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے جایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کو اس طرح استعمال کیے جانے پر وہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
واحد بخش کے مطابق ان کے بچوں کو مبینہ طور پر ورغلا کر ایسی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا جن سے وہ خود لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے بشیر زیب اور اللہ نذر سے سوال کیا کہ کم عمر بچوں کو مبینہ طور پر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا کیا جواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
واحد بخش نے کہا کہ بچوں کی کم عمری اور تعلیم کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنانا چاہیے جس سے ان کا مستقبل متاثر ہو۔
ان کا یہ بیان بلوچستان میں مختلف حلقوں کی جانب سے بچوں اور نوجوانوں کو مبینہ طور پر استعمال کیے جانے کے معاملے پر تشویش کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
تاہم، مذکورہ دعوؤں اور بچوں کی موجودہ صورتحال کی آزادانہ تصدیق فوری طور پر دستیاب نہیں۔

