کوئٹہ(الفجرآنلائن) پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے 48ویں بیچ کے افسران نے خصوصی تربیتی پروگرام کے سلسلے میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا، جس کا مقصد زیر تربیت افسران کو بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال میں ردعمل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔
یہ مطالعاتی دورہ حکومت بلوچستان کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی درخواست پر منعقد کیا گیا، جس میں زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریسکیو/پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن نوید احمد نے وفد کا استقبال کیا اور ایک خصوصی تعارفی و انٹرایکٹو سیشن کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکی اصغر علی جمالی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سلیمان عزیز، ایس ڈی او بالاچ بلوچ، مینیجر آپریشنز محمد فہد سمیت دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر علی جمالی نے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مینڈیٹ، فرائض اور آپریشنل میکنزم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے قدرتی آفات سے قبل تیاری، ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، ریسکیو آپریشنز میں معاونت و رابطہ کاری اور امدادی سرگرمیوں میں پی ڈی ایم اے کے کردار پر روشنی ڈالی۔
بریفنگ کے دوران سیلاب، زلزلوں، خشک سالی، ہیٹ ویوز اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پی ڈی ایم اے کی جانب سے اختیار کیے جانے والے ہنگامی اقدامات، ریسکیو و ریلیف آپریشنز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بین الادارہ جاتی رابطہ کاری سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پی اے ایس افسران نے پی ڈی ایم اے کے انتظامی و ادارہ جاتی ڈھانچے، مختلف محکموں کے ساتھ رابطہ کاری کے طریقہ کار اور صوبے میں حالیہ ہنگامی صورتحال کے دوران حاصل ہونے والے عملی تجربات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وفد نے پی ڈی ایم اے کے آلات و مشینری یارڈ کا دورہ کیا، جہاں افسران نے بھاری مشینری، ریسکیو گاڑیوں، ایمبولینسز اور دیگر جدید و خصوصی ہنگامی آلات کا معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ وسائل بلوچستان کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں سمیت صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت تعیناتی کے لیے ہمہ وقت دستیاب رکھے جاتے ہیں۔
تربیتی پروگرام کا اہم حصہ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کا دورہ بھی تھا، جہاں مینیجر آپریشنز نے وفد کو پی ای او سی کے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، ہنگامی اطلاعات کی مانیٹرنگ، ابتدائی وارننگز کے اجرا اور ضلعی انتظامیہ و عوام تک بروقت ہنگامی معلومات کی ترسیل کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
پی اے ایس افسران نے بلوچستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور انسانی امداد کی مؤثر فراہمی کے لیے پی ڈی ایم اے بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا۔
دورے کے اختتام پر وفد اور پی ڈی ایم اے افسران نے گروپ فوٹو بنوائی اور سرکاری اداروں کے مابین باہمی تعاون اور روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

