شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 اہم دہشتگرد کمانڈروں سمیت 9 خارجی ہلاک
شمالی وزیرستان (الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام ویڑن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 4 اہم دہشتگرد کمانڈروں سمیت 9 خارجی ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اہم دہشتگرد کمانڈروں میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

